رجسٹری برانچ شیخوپورہ کرپشن کا گڑھ بن گئی، ممبر پنجاب بار کونسل کا ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ،،
شیخوپورہ(کورٹ رپورٹر سے) رجسٹری برانچ تحصیل شیخوپورہ میں کرپشن اور عملے کے بدتمیزانہ رویے نے حدیں پار کر دیں۔ وکلاء کی مسلسل شکایات پر ممبر پنجاب بار کونسل و چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی، رانا سیف اللہ خاں ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ سے رجسٹری برانچ میں موجود کرپٹ مافیا کے فوری صفایا کا مطالبہ کیا ہے،
رانا سیف اللہ خاں نے واضح الفاظ میں کہا کہ سب رجسٹرار تحصیل شیخوپورہ کو فوری طور پر گھر پر بیان ریکارڈ کرنے کی غیرقانونی روایت بند کر کے اپنے دفتر میں بیان ریکارڈ کرنے کا پابند بنایا جائے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ رجسٹری برانچ کے عملے کو سختی سے ہدایات جاری کریں کہ وکلاء، جو عدالت کے معزز افسران ہیں، کے ساتھ توہین آمیز رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نے ڈسٹرکٹ بار کے معزز اراکین کے لیے فوری طور پر رجسٹری برانچ میں علیحدہ عزت دار ڈیسک اور سکیننگ کی سہولت قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
رانا سیف اللہ خاں نے خبردار کیا کہ اگر رجسٹری برانچ میں کرپشن اور وکلاء کی تضحیک کا سلسلہ بند نہ ہوا تو بار کونسل سخت احتجاج اور قانونی چارہ جوئی سے گریز نہیں کرے گی
All Rights Reserved. © pzmpakistan.com